ادلب،4اپریل(ایجنسی) شامی صوبے ادلب میں کی گئی ایک تازہ فضائی کارروائی کے نتیجے میں کم ازکم اٹھاون افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا ہے کہ روسی یا شامی فضائیہ نے یہ کارروائی باغیوں
کے زیر قبضہ خان شیخون نامی شہر میں آج بروز منگل کی صبح کی۔ ہلاک ہونے والوں میں گیارہ بچے بھی شامل ہیں۔ آبزرویٹری نے مقامی طبی حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ اس فضائی حملے کے بعد متعدد شہریوں کا دم گھٹ گیا۔ ایسے خدشات ہیں یہ اس زہریلی گیس کا حملہ ہو سکتا ہے تاہم دمشق حکومت ایسے کسی حملے سے انکار کرتی ہے۔